سپریم کورٹ(جیوڈیسک)دہری شہریت کیس میں نااہل ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی وسیم قادرکی رکنیت بحال کر دی گئی۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بیگم شہناز شیخ کے خلاف حقائق چھپانے پر فوجداری کارروائی کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے دہری شہریت میں نااہل قرار دیے جانے والے ایم پی اے وسیم قادر کی اپیل کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ثبوت دیا جائے کہ وسیم قادرکے پاس ناروے کی شہریت نہیں ہے۔ جس پر وسیم قادر نے کہا کہ ان کی اہلیہ کے پاس ناروے کی شہریت ہے۔ ان کے پاس ناروے کی غیرمعینہ مدتی رہائش کا سرٹیفیکیٹ ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ آئین میں دہری شہریت پر قدغن ہے۔
مستقل رہائش پرآئین میں کوئی قدغن موجود نہیں۔ سرٹیفیکیٹ پیش کیے جانے پرعدالت نے وسیم قادرکی پنجاب اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی۔ سپریم کورٹ کے عبوری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وسیم قادر پر دہری شہریت کا الزام تھا۔ سچ یہ ہے کہ ان کے پاس صرف پاکستانی شہریت ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وسیم قادر کے پاس ناروے کی مستقل رہائش کا سرٹیفکیٹ ہے شہریت نہیں۔
وسیم قادر ویزہ لے کر ناروے جاتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے دہری شہریت میں نااہل رکن قومی اسمبلی شہناز شیخ سے تمام تنخواہیں اور مالی مراعات واپس لینے اور الیکشن کمیشن کو ان کے خلاف حقائق چھپانے پر فوجداری کارروائی کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ شہناز شیخ کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو دیگر نااہل اراکین کے ساتھ ہوا۔