کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں موٹر سائیکل اور کار کی ٹکرمیں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے جبکہ گاڑی کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔کراچی کے علاقہ شارع فیصل پر ایئر پور ٹ جانے والی سٹرک پر موٹر سائیکل اور کار کی ٹکر میں دو افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گاڑی کا فیول ٹینک لیک تھا جس کے باعث ڈرائیور نے گاڑی شارع فیصل کے درمیان میں روک دی۔
اس دوران پیچھے سے آنے والی موٹر سائیکل گاڑی سے ٹکرا گئی جس سے دونوں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پا لیا۔ حادثے کی وجہ سے شارع فیصل پر ٹریفک بلاک ہوگئی جس کو ٹریفک پولیس نے بحال کرایا۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔