کراچی سٹیڈیم (جیوڈیسک) شائقین کرکٹ کیلئے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا انتظار اب ختم ہونے جارہا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دینگے۔
سال دوہزار نو میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی نے آخری مرتبہ سری لنکن ٹیم کا استقبال کیا تھا لیکن مہمان ٹیم پر لاہور میں ہونے والے حملے نے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا دروازہ بند کردیاتھا۔ اب ورلڈ الیون کی صورت میں غیر ملکی کرکٹرز پاکستان کا رخ کر رہے ہیں اور مدمقابل ہوں گے۔
پاکستان کی آل اسٹارز کرکٹ ٹیم سے۔ ورلڈ الیون اور پاکستان آل اسٹارز کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بیس اور اکیس اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹرز کی پاکستان آمد کا سہراصوبائی وزیر کھیل سندھ ڈاکٹر محمد علی شاہ کو جاتا ہے۔
جن کی محنت سے ایک امید کی کرن دکھائی دی ہے کہ وہ دن دور نہیں جب اس ملک کے کرکٹ اسٹیڈیمز میں بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے جس سے دنیا بھر میں یہ پیغام پہنچے گا کہ کھیل اور کھلاڑیوں کیلئے پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔