پٹرولیم مصنوعات اورسی این جی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری

Petroleum

Petroleum

پٹرولیم (جیوڈیسک) وزارت پٹرولیم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق اتوار اور پیر کی درمیانی شب بارہ بجے سے ہو گا۔وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت دو روپے بتیس پیسے کمی کی منظوری دی گئی ہے۔

جس کے بعد نئی قیمت ایک سو ایک روپے آٹھ پیسے ہو جائے گی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت تینتیس پیسے فی لٹر کمی کے ساتھ ایک سو تیرہ روپے انتیس پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت اکسٹھ پیسے کمی کے ساتھ ایک سو تین روپے چھبیس پیسے اور ایل ایس ڈی کی قیمت پچیس پیسے فی لٹر کمی کے ساتھ ستانوے روپے اڑسٹھ پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔ وزارت پٹرولیم کے حکام کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ہی سی این جی کی قیمتوں میں بھی ریجن ون کے لئے دو روپے بارہ پیسے اور ریجن ٹو کے لئے ایک روپیہ چورانوے پیسے فی کلو کمی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق کل رات بارہ بجے سے ہو گا۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق تمام کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا پورا ریلیف عوام کو فراہم کیا جائے۔