فیسٹیول کی رنگینیاں جاری ، مہک نے اعزاز ملالہ کے نام کر دیا

Festival Malala Honors

Festival Malala Honors

کسی نے ہاتھ چلائے کسی نے جمپ لگائے کسی نے سر گھمایا، کسی نے دماغ چلایا اور کسی نے کھنچی مونچھ داڑھی سے گاڑی۔ کوئی بنا تیز کھلاڑی اور یوں پاکستانیوں نے آٹھ عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے۔پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت لاہور میں بلندیوں کو چھو جانے کی امنگ نے ایسی اٹھان لی کہ سب حیران رہ گئے۔ کہیں پھرتی اور کہیں چستی نے کام دکھایا نام کمایا اور عالمی ریکارڈ بنایا۔

فیصل آباد کے محمد سدی نے اپنی مونچھوں سے اپنے ملک کا نام روشن کیا۔ انھوں نے 1700 کلو وزنی ٹرک مونچھوں سے کھیچنے کا ریکارڈ بنا دیا۔ عثمان اور سراج نے 30 سیکنڈ میں 34 فراگ جمپ لگائے۔ عالمی ریکارڈ قا ئم کر دکھایا۔ قمر اور ڈینئل گل نے سر پر سب سے زیادہ فٹ بال اچھالنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 335 مرتبہ مسلسل فٹ بال کو سر پر اچھالا۔ بارہ سالہ مہک نے تو حیران ہی کر دیا اس نے شطرنج کی بساط کو 45 سکینڈ میں سیٹ کر کے ریکارڈ بنایا اور اپنے ریکارڈ کو ملالہ کے نام کر دیا۔ قومی کرکٹ ٹیم تو کوئی اعزاز نہ حاصل کر سکی لیکن جلیل حسن کو ایک منٹ ،8 سیکنڈ میں کرکٹ کٹ پہننے کا عالمی ریکارڈ مل گیا۔

بھوک میں چٹ پٹ روٹی حاضر ہونی چاہیے محمد منشا نے کم ترین وقت میں تین منٹ چودہ سکینڈ میں تین روٹیاں پکانے کا ریکارڈ بنایا۔ نعمان انجم نے پینتیس سیکنڈ میں پاور سوئچ لگانے کا عالمی ریکارڈ حاصل کیا احمد بودلہ تین منٹ میں 616 ککیں لگا کر ورلڈ ریکارڈ کی منزل پر پہنچ گئے۔ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائند ے بھی تصدیق کے لیے موجود تھے۔ احمد شوکت نے ایک منٹ میں زیادہ سے زیادہ شرٹس پہننے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔