افغانستان (جیوڈیسک)امریکی صدارتی امیدار مٹ رومنی نے کہا ہے کہ افغانستان میں استحکام کیلئے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے۔ پاکستان خطے اور امریکہ دونوں کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔
فلوریڈا میں امریکی صدر براک اوباما سے تیسرے اور آخری مباحثے کے دوران مٹ رومنی کا کہنا تھا کہ بطور ناکام ریاست پاکستان، افغانستان اور خطے کیلئے خطرناک ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل کا ساتھ دینا چاہئے اور ایسے موقع پر پاکستان کی امداد روکنا ٹھیک نہیں ہے۔ حقانی نیٹ ورک پاکستان میں موجود ہے اور پاکستان کو طالبان اور حقانی نیٹ ورک سے خطرات لاحق ہیں۔
مٹ رومنی نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن سے قبل پاکستان کو اعتماد لینا چاہئے تھا جبکہ امریکی صدر براک اوباما کا کہنا تھا کہ اگر ایبٹ آباد آپریشن سے قبل پاکستان سے اجازت طلب کی جاتی تو نہ ملتی۔ مٹ رومنی کا کہنا تھا کہ پاکستان 100 سے زائد ایٹمی ہتھیار رکھنے والا ملک ہے اور پاکستان کی ناکامی سے ایٹمی ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ سکتے ہیں۔