آصف زرداری نے ایوان صدر میں سیاسی سیل بنا رکھا ہے، اعجازالحق

Ijaz ul Haq

Ijaz ul Haq

– مسلم لیگ ضیا کے صدر اعجازالحق نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس کی انکوائری کے لیے ججز پر مشتمل کمیشن بننا چاہیے لیکن اس سے پہلے این آر او کے آٹھ ہزار کیسزکی انکوائری پایہ تکمیل تک پہنچائی جائے۔

سابق وزیر مملکت میاں محمد زمان کی اہلیہ اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں یاور زمان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے اعجازالحق نے کہا کہ آصف زرداری نے ایوان صدرمیں جو سیاسی سیل بنا رکھا ہے اس کا بھی انکشاف کیا جائے۔ جس طرح کرائے کے مانگے تانگے پارٹی صدر لائے جارہے ہیں کیا اسی طرح پیپلز پارٹی پنجاب کا جیالا وزیر اعلی لیکر آئے گی۔ مرکز کے اندر بیٹھا اتحادیوں کا ٹولہ نظریاتی نہیں مفاداتی ہے ذاتی مفادات کی خاطر ملک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

اعجازالحق نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن فوج کو اپنے ہی لوگوں سے لڑانے کے مترادف ہے جس کی بھر پورمخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ این آر او میں محترمہ بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے ڈیڑھ ارب ڈالر کو رائٹ آف کیا گیا اس پر انکوائری ہونی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب پر اعجازالحق نے کہا کہ میں پرانامسلم لیگی ہوں مسلم لیگ کو اکھٹا دیکھنا چاہتا ہوں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ مشاورت کے بعد کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کا مقصد افغانستان سے انخلا سے پہلے پاکستان کے حالات خراب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس نام نہاد جنگ سے باہر نکلنا چاہیے۔ بہاولنگر میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی طرف سے میڈیکل کالج کے اعلان پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ایک سنگ میل قرار دیا۔