وفاقی حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پرو گرام کے نام پر قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کر کے اپنے جیالوں کو نواز رہی ہے، روحیل اکبر
Posted on October 24, 2012 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد(این ایل آئی)تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات اور انچارج میڈیا سیل پنجاب روحیل اکبر نے کہا کہ وفاقی حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پرو گرام کے نام پر قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کر کے اپنے جیالوں کو نوازرہی ہے ۔اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔عوام کو ریلیف دینے کے دعوے محض ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں ۔
موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ عوامی قوت خرید بری طرح متا ثر ہونے سے خود کشیوں کے رجحان میںاضافہ قابل تشویش ہے۔ اگر حکمران اپنے اللوں تللوں پر خرچ کی جانے والی رقم اور کرپشن کو کنٹرول کرلیں تو ہمیں نہ صرف آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے چھٹکارا حاصل ہوسکتا ہے بلکہ مہنگائی کوبھی بڑی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ملک میں در حقیقت بجٹ اور معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک بناتے ہیں ۔موجودہ حکمران غریب عوام کا خون نچوڑ کرآئی ایم ایف کی سخت شرائط پر عمل پیرا ہیں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرول اور سی این جی کے نرخوں میں حالیہ اضافے کو فوری واپس لیاجائے جبکہ گیس اور بجلی کا بحران شدت اختیار کر تا چلا جارہا ہے۔
بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ملکی معیشت کو سالانہ9ارب ڈالر کے قریب نقصان ہورہا ہے۔2008سے اب تک توانائی کے شعبہ میں دی جانی والی سبسڈی اور پبلک سیکٹر کے اداروں پی آئی اے،اسٹیل مل،ریلوے کی بہتری کے لئے مجموعی طور پر16 ارب ڈالر سے زائد وسائل صرف کیے گئے۔رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران بنکوں سے 437ارب روپے کے قرضے حکمرانوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ایک طرف صنعتیں اور فیکٹریاںبند ہو نے سے بے روز گاری کی شرح میں گزشتہ ساڑھے چار سال میں ریکارڈ اضا فہ ہوا ہے جبکہ دوسری طرف فاقوں کی وجہ سے معاشرے میں بے راہ روی اور خود کشیوں کے رجحان میں تیزی سے اضا فہ ہوا ہو رہا ہے۔