سعودی عرب (جیوڈیسک) اے میرے رب، میں حاضر ہوں۔ لاکھوں فرزندان اسلام آج حج ادا کریں گے۔ عازمین حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کے لئے فجر کے بعد روانہ ہوں گے۔پچیس لاکھ عازمین کی آمد کے ساتھ ہی منی میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی۔ تا حد نگاہ انسانوں کا سمندر ہے۔ بدن پر فقط سفید چادر اور لبوں پر اپنے خالق کا ذکر ہے۔ فضا خدائے واحد کی صداں سے گونج رہی ہے۔ اس سال ایک لاکھ اسی ہزار پاکستانی حج کریں گے۔ منی میں پاکستانی خیموں کے باہر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔
عازمین عبادات میں مصروف ہیں اور پاکستانی کی سلامتی کیلئے بھی دعا گو ہیں۔ عازمین منی میں نمازفجر کی ادائیگی کے بعد حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کیلئے میدان عرفات روانہ ہوگئے۔ عازمین مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے۔ ظہر اورعصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔ سورج غروب ہونے کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں مغرب اور عشا کی نماز ادا کریں گے اور کھلے آسمان تلے شب بسری اور نوافل ادا کریں گے۔
فجر کی نماز کے بعد حجاج واپس منی روانہ ہوں گے جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور جانور کی قربانی کے بعد سرمنڈوا کر احرام کھول دیں گے جس کے بعد حجاج طواف زیارت کیلئے مکہ روانہ ہوں گے۔ طواف زیارت کے بعد عازمین دوبارہ منی آئیں گے اور اگلے دو دن تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔