اسلام آباد (این ایل آئی)تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اہل وطن کو عیدالاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے فلسفے کے مطابق مسلمان ملی واحدت ، یکجہتی اور ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں
عید کے موقعہ پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاکہ عید مسلمانوںکے عالمی اتحاد کا مظہرہے ، محروم طبقوں کو بھی عید کی خوشیوںمیں شریک کیا جائے امن و سلامتی کیلئے بے گناہ پاکستانیوں کی قربانیاںناقابل فراموش ہیں اور مسلمانوں کو اس وقت جن خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے پاکستان کے مختلف حصوں اور بلخصوص قبائیلی علاقوں میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں اندرونی اور بیرونی ملک دشمن عناصر سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے جو دہشت گردی کی کاروائیوںکے زریعے پاکستان میں سیکورٹی کے مسائل پیدا کر رہے ہیں جس سے قومی معیشت کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ بے گناہ انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
انہوں نے فاٹا خیبر ایجنسی کے ان تمام غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا جن کے پیارے ڈرون حملوں اور ماٹر گولوں کی ذد میں آکر جاں بحق ہو گئے انہوںنے کہاکہ عید خوشی کا تہوار ہے اور ہمیں اس تہوار کو مذہبی جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہوئے ان لوگوں کی ضروریات کا بھی احساس کرنا چاہیے جو کسی بھی وجہ سے قربانی اور عید کی خوشیوںمیں شریک ہونے سے محروم ہیں۔