لاہور (جیوڈیسک)ڈرائیور اور ہیلپر کی لڑائی چار افراد کی جان لے گئی۔ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔لاہور موٹر وے پر ٹھوکر نیاز بیگ بائی پاس کے قریب مردان سے رائیونڈ جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔ بس میں 49 افراد سوار تھے جن میں سے تین افراد موقع ہی پر دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی جناح ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ19افراد زخمی ہوئے۔
مسافروں کے مطابق بس میں ڈرائیور اور ہیلپر کی کسی بات پر تلخ کلامی ہورہی تھی اور اسی دوران بس موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی۔ بس میں سوار تمام افراد تبلیغی جماعت سے تعلق رکھتے تھے جو رائے ونڈ جا رہے تھے۔ پولیس حکام بھی تیز رفتاری کو ہی حادثے کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔ جناح ہسپتال میں پہنچائے جانے والے زیادہ تر زخمی ا فراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔