اسلام آباد(جیوڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر یقین رکھتے ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ انتخابات میں دھاندلی کے ماضی جیسے واقعات رونما ہوں اور اصغر خان کیس دوبارہ بنے۔ عام انتخابات قریب ہیں۔ وفاقی وزرا انتخابات کی تیاری کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شفاف انتخابات وقت کا تقاضا ہے۔ موجودہ اسمبلیاں اور حکومت پہلی بار اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی اور انتخابات کے بعد اتحادی دوبارہ حکومت میں واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں ۔ حکومت کی کوشش ہے کہ سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر درپیش مسائل پر قابو پایا جائے۔ وزیراعظم کو کابینہ کے اراکین نے حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکابد پیش کی۔ اجلاس میں توانائی بحران پر قابو پانے اور موسم سرما میں گیس لوڈ مینیجمنٹ سمیت پاکستان کے امریکا، بھارت اور عراق کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے مختلف امور زیر غور آئے۔