پنجاب (جیوڈیسک) حکومت پنجاب نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پنجاب میں پریمئیر لیگ شروع کرانے کی تجویز دے دی۔ کرکٹ بورڈ نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سپورٹس کمیٹی پنجاب رانا مشہود احمد نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے پنجاب حکومت کے پریمئیر لیگ شروع کروانے کی تحریری تجویز کا جواب بھی نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی چیئرمین سیاست کی بجائے کرکٹ کے فروغ کے لیے کوششیں کریں حکومت پنجاب ان کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ 7 نومبر سے لاہور میں شروع ہونیوالے انٹرنیشنل فیسٹول میں 41 ممالک سے لوگ شرکت کر یں گے۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت 25 سال بعد لاہور اور پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے مطابق نیا ہاکی سٹیڈیم بنایا گیا ہے جس کا افتتاح خود وزیر اعلی پنجاب کریں گے۔ اس موقع پر سابق اولمپئین اختر رسول کی سربراہی میں جوہر ٹان میں قائم کیے جانے والے ہاکی سٹیڈیم کی انتظامی کمیٹی کا بھی اعلان کیا گیا۔