مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے رہنما فخر امام پر دہشتگردوں کے حملے کا خطرہ ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو آگاہ کر دیا۔
وفاقی ادارے کی جانب سے چاروں صوبوں کے آئی جیز اور محکمہ داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کا مطیع الرحمن گروہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ مراسلے کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید قاری وقاص نامی دہشتگرد اس ضمن میں دہشتگردوں سے رابطے میں ہے۔ مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ دہشتگرد مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے راہنما فخر امام کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
مراسلے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں ملوث ملزمان کی رہائی کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ لاہور میں تاوان کے لئے تاجروں اورغیر مسلموں کو بھی اغوا کر سکتے ہیں۔