امریکہ(جیوڈیسک)امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت شامی اپوزیشن کی مدد کے لئے تیار ہے تاہم اسے انتہا پسند عناصر کی طرف سے اس انقلاب کو ہائی جیک کرنے کوششوں کو ناکام بنانا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق کروشیا کا دورہ کرنے والی امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے شامی بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا۔ ایسی پریشان کن اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ انتہا پسند شام کا رخ کر رہے تاکہ وہ اس جائز انقلاب کو اپنے عزائم کے لیے استعمال میں لا سکیں جو شامی عوام نے استحصال کرنے والی حکومت کے خلاف شروع کیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ شامی اپوزیشن کو کوشش کرنا چاہیے کہ وہ اس انقلاب کو انتہا پسندوں کے ہاتھوں نہ لگنے دے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن حکومت شام کے اندر اور شام سے باہر سرگرم شامی اپوزیشن کے مختلف گروہوں سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدلتے وقت کے ساتھ شامی اپوزیشن کے مختلف گروہوں کی تنظیم شامی قومی کونسل کو ملکی اپوزیشن کی نمائندہ قیادت نہیں کہا جا سکتا ہے۔ یہ اپوزیشن کا ایک حصہ ہو سکتی ہے لیکن اپوزیشن میں شامی عوام اور دیگر فریقین کو شامل کرنا بھی ضروری ہے۔