ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے سابق تعلقہ سٹی ناظم جلیل الرحمان کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی سے قاصر ہیں تو مستعفی ہو جائیں۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم حیدر آباد کے راہنماء جلیل الرحمن اور بوہری برادری کے تین افراد کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
دہشت گردی اور قتل وغارت صوبے اور ملک کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں۔ صدر اور وزیر اعظم ا ور وزیر داخلہ اگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتے تو اپنے ضمیر کی آواز پر مستعفی ہو جائیں۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ بوہری، احمدی اور ہندو برادریوں کے قاتلوں کو گرفتار کر کے کڑی سے کڑی سزا دی جانی چاہئے۔ ایم کیوایم کے قائد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی کارکنان طاہرہ عبداللہ اور ماروی سرمد کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے جلیل الرحمان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیوایم کے تمام عہدیدار اور کارکنان ان کے ساتھ ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے بھی جلیل الرحمان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وسیم احمد کا کہنا ہے کہ جلیل الرحمان کا قتل سوچی سمجھی سازش ہے۔