لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس اور بلوچستان کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر صورت عمل کیا جائے۔ امریکہ کے کندھوں پر بیٹھ کر انہیں اقتدار میں آنا کسی صورت قبول نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کے اندر الیکشن ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور پارٹی الیکشن ہرصورت میں کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ایئرپورٹ میں انہیں روکے جانے سے پاکستان کی توہین ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصغر خان کیس سے متعلق سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ سنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہرشعبے میں عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔