مسلم لیگ (ن) اور ہم خیال گروپ نے حکومتی اتحادیوں کے خلاف بڑا انتخابی اتحاد بنانے کی تیاریاں مکمل کر لیں، 4 رکنی کمیٹی کو ٹاسک دے دیا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی زیر صدارت حال ہی میں ایک اہم اجلاس ہوا۔ ہم خیال گروپ نے تجویز دی کہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کیخلاف بڑا سیاسی و انتخابی اتحاد بنانا چاہئے جس میں چھوٹے صوبوں اور کراچی کو ترجیح دی جانی چاہئے۔
میاں نوازشریف نے تجویز پر اصولی اتفاق کرتے ہوئے انتخابی اتحاد بنانے کا گرین سگنل دے دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں میں متحرک سیاسی جماعتوں اور گروپوں کو ساتھ لیکر چلنا ہو گا۔ چار رکنی کمیٹی کو انتخابی اتحاد بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ کمیٹی میں اقبال ظفر جھگڑا، سینیٹر پرویز رشید، حامد ناصر چٹھہ اور ہمایوں اختر شامل ہوں گے۔
بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت کراچی میں حکومت مخالف جماعتوں سے مذاکرات کے بعد کمیٹی سفارشات مرتب کرے گی۔ مسلم لیگ(ن)کے راہنماء سینیٹر پرویز رشید نے انتخابی اتحاد بنانے کے فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔