امریکہ(جیوڈیسک)امریکی انتخابات میں صدر اوباما اور مٹ رومنی تو ایک دوسرے کے مقابل ہیں ہی، ان دونوں امیدواروں کی بیگمات بھی ایک دوسرے کے مقابل کھڑی ہیں ۔
امریکا کی خاتون اول مشیل اوباما اور ری پبلکن امیدوار مٹ رومنی کی شریک حیات این رومنی بھی اپنے اپنے شوہروں کی طرح ایک دوسرے کے مقابل آکھڑی ہوئی ہیں اور لگتا یوں ہے کہ دونوں کی کوشش یہ ہے کہ ایک دوسرے کو ہرا کر آگے نکل جائیں سیاسی میدان میں نہیں بلکہ فیشن اور نئے سے نئے لائف اسٹائل اپنانے میں۔
مشیل نے اپنے شوہر کے پہلے صدارتی مباحثے کے موقع پر دوہزار امریکی ڈالر یعنی دو لاکھ روپے مالیت کا لباس زیب تن کیا۔ امریکی سماج میں جہاں پھٹی پرانی جینز ثقافت کا حصہ سمجھی جائے وہاں اتنے قیمتی ملبوسات سب کے لئے حیرانی کا باعث تھے لہذا اس کے چرچے بھی خوب ہوئے۔
ایسے میں بھلا این رومنی بھی کہاں پیچھے رہنے والی تھیں، انہوں نے بھی دو ہزار ڈالر کا سوٹ پہن کر خود کو خاتون اول کے برابر کا ثابت کیا۔ کمال تو یہ ہے کہ دوسرے صدارتی مباحثے تک اس جنگ میں اس قدر شدت آگئی کہ ملبوسات کی قیمتوں کا گراف بڑھ کر تین ہزار ڈالر سے بھی زیادہ ہوگیا۔
معاملہ یہیں تک محدود نہیں رہا بلکہ آخری مباحثے کے وقت پہنے گئے دونوں خواتین کے ملبوسات کی قیمتیں تین سے چار ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔