سیاست اور کھیلوں کو علیحدہ ہونا چاہئے ، بھارتی ٹینس کھلاڑی

Karachi Tennis

Karachi Tennis

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں جاری آئی ٹی ایف سینئرز ورلڈ رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے آئے ہوئے بھارتی کھلا ڑیوں کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے سیاست کو علیحدہ رکھنا ضروری ہے۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیشنل ٹینس کھلاڑی پون جین نے کہا کہ دورہ پاکستان میں انھیں سیکورٹی خدشات نہیں ہیں۔ میڈیا پاکستان کا جو امیج پیش کرتا ہے وہ درحقیقت اس سے مختلف دکھائی دیا۔ وطن واپسی پر ایک اچھا پیغام لیکر جائیں گے۔

نریش کھتری کا کہنا تھا کہ دو طرفہ کھیلوں کی بحالی کیلئے نمائشی میچز فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔ ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور ثانیہ مرزا کو پاکستان میں کھیلنے کیلئے قائل کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ویزا پالیسی میں تبدیلی بھی اہم اقدام ہوگا۔ پاکستان میں ٹینس کے فروغ کیلئے گراس روٹ لیول سے کام کرنا ہوگا۔