عدلیہ اصغر خان کیس کے حوالہ میں ملوث تمام عناصر کو آئندہ الیکشن کے لئے نا اہل قرار دے، خاور کھٹانہ، ڈاکٹر آمنہ بٹر
Posted on November 9, 2012 By Geo Urdu لاہور
لاہور: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء صدر چنیوٹ بار ایسوسی ایشن خاور محمود کھٹانہ اور سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر آمنہ بٹر نے کہا ہے کہ عدلیہ اصغر خان کیس کے حوالہ میں ملوث تمام عناصر کو آئندہ الیکشن کے لئے نا اہل قرار دے۔بددیانت سیاست دانوں کو عوامی رائے چرانے کا کوئی اختیار نہیں اپنے ایک مشترکہ بیان میںانہوں نے کہا کہ آج علامہ اقبال کی روح تڑپ رہی ہے کہ اقبال کا نام لیکر سیاست کرنے والے کرپٹ سیاستدان ان کے نام کو بدنام کررہے ہیں۔نواز شریف سمیت تمام ملوث سیاستدان اور عناصر قومی مجرم ہیں ان مجرموں نے عوامی خواہشات اور امنگوں کی نفی کرتے ہوئے سامراجی آقائوں کی مزموم عوام دشمن پالیسیوں کی تکمیل کے لئے عوامی مینڈیٹ کے خلاف کام کیا۔ان افراد اور سیاستدانوں کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ ہونا چاہئے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی مزموم کاروائیوں کی جرات نہ ہو۔دھاندلی کے ذریعے بننے والی جعلی حکومت کی جوابدہی ہوگی ۔یہی قومی مجرم علی بابا اور اس کے چالیس چوروں کا ٹولہ آج بھی لوٹا کریسی کے زور پر پنجاب کے عوام پر قابض ہے۔
ان لٹیرے حکمرانوں نے پنجاب بھر کے عوام کو محکوم بنا کر عوامی حقوق چرا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں پاکستان کی سیاست میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔آئندہ حق حکمرانی کا فیصلہ عوام کریں گے۔کسی طالع آزما فرد واحد کوچاہے اس کا تعلق کسی بھی ادارے سے ہوعوامی رائے کو سبوتاز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اب کبھی مارشل لاء نہیں آئے گا۔کسی نظریہ ضرورت کو فروغ دینے کی ضرورت نہیں ۔تمام فیصلے قومی مفادات کی روشنی میں کرنا ہوں گے۔
آج ملک میں جمہوری ادارے اور جمہوری روایات زور پکڑ رہی ہیں۔صرف لاہور شہر کے ایک محدود حصہ کو نوازنے اور اتفاق اسٹیل کا لوہا بیچنے کے لئے 80 ارب روپے کا ٹیکہ پنجاب کے سرکاری خزانے پر لگانے والے شریف برادران عوامی مجرم ہیں۔صوبہ بھر میں لاقانونیت،عدم تحفظ اور لاچاری کا دورہ ہے عوام میاں برادران کی لوٹ کھسوٹ کا شکار ہیں انہوں نے مذید کہا کہ دوسری طرف پاکستان کی پارلیمان سے نابلد اور بے بہرہ افراد صدر مملکت کے خلاف باتیں کررہے ہیں۔اب سب کو پارلیمنٹ کی بالا دستی تسلیم کرنا ہوگی۔تمام ادارے پارلیمنٹ کے ماتحت ہیں۔آئندہ منصفانہ اور شفاف الیکشن کی روشنی میں پیپلز پارٹی ملک بھر میں اور خصوصاً پنجاب میں بھر پور کامیابی حاصل کر کے کسی جیالے کو وزیر اعلیٰ بنائے گی تاکہ عوامی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔