قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کے بعد شاہد آفریدی کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کی اجازت نہ ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے چار سال سے ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے والے شاہد آفریدی کو پریذیڈینٹ کپ کھیلنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کے قواعد وضوابط کے تحت آفریدی ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکتے۔ ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کی ابتدائی فہرست میں آفریدی کا نام شامل ہی نہیں کیا گیا ہے۔ آفریدی پریذیڈینٹ کپ میں حبیب بینک کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں۔ اس سے قبل پی سی بی نے سابق کپتان محمد یوسف کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت سے روک دیا ہے۔ محمد یوسف پورٹ قاسم اتھارٹی کی جانب سے کھیلنا چاہتے تھے۔