حکومت شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرے ، نواز شریف

Mian Nawaz Sharif

Mian Nawaz Sharif

ن لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف کا کہناہے کہ کراچی میں قتل و غارتگری پر پوری قوم کرب میں مبتلا ہے، حکومت شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرے۔ کراچی میں قتل وغارت گری میں ملوث گروہوں کو حکومت طاقت کے زور پر کچل دے حیرت ہے اتحادیوں کی حکومت کراچی کے مکینوں کو امن فراہم نہیں کر رہی۔

ن لیگ کے سربراہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں آگ اور خون کے کھیل پر پوری قوم کرب میں مبتلا ہے لیکن کراچی سے منتخب ہونے والی وفاقی اور صوبائی حکومت شہر قائد میں امن قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ میاں نواز شریف کہا کہ ہم سب کی ذمہداری ہے کہ روشنیوں کے شہر کو موت اور بد امنی کی تاریکیوں سے بچائیں حکومت اور اسکی اتحادی جماعتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے مکینوں کو پر امن زندگی گذارنے کے لیے پر سکون ماحول واپس کرے ۔

میاں نواز شریف نے مطالبہ کیا کہ حکومت تمام وسائل بروئے کا ر لائے اور کشت و خون کا بازار گرم کرنے والوں کو طاقت کے زور پر کچل دے ۔ ن لیگ کے سربراہ نے کراچی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ،علمائے کرام ،دانشور ،میڈیا اور سول سوسائٹی کراچی میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔

انہوں نے حالیہ واقعات میں زندگیوں سے محروم ہونے والے بے گناہ انسانوں کے بے رحمانہ قتل پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثریں سے اظہار ہمدردی کیا۔