پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں باکسنگ کے قومی مقابلوں کا آغاز ہوگیا، ٹورنامنٹ میں چاروں صوبوں سمیت دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہونے والی آٹھویں نیشنل بینک باکسنگ چیمپیئن شپ میں چاروں صوبوں سمیت نیوی، پاکستان ایئر فورس،واپڈا، اسلام آباد، رینجرز اور فاٹا کی ٹیمیںحصہ لے رہی ہیں۔63 باکسرز کے درمیان 11 مختلف ویٹ کیٹگریز میں 52 باؤٹس کھیلی جائیں گی۔
چیمپیئن شپ کا افتتاح نیشنل بینک کے ریجنل چیف اطلس خان نے کیا۔ ابتدائی میچوں میں بلوچستان نے پنجاب، سندھ نے اسلام آباد اور پی اے ایف نے نیوی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ خیبر پختونخوا کی نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھی جیت کے لئے پرعزم ہے۔ باکسنگ کے زبردست اور سنسنی خیز مقابلوں سے محظوظ ہونے کے لئے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
پاکستان ایئر فورس کی ٹیم ان مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے۔ چیمپیئن شپ کا دوسرا رائونڈ کل کھیلا جائے گا جبکہ کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے مابین فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔