کینیا(جیوڈیسک)کینیا کے پولیس اہلکاروں پر گھات لگا کر کئے جانیوالے حملے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق ہمیں کبھی بھی اہلکاروں کی اتنی بڑی تعداد کا نقصان نہیں اٹھانا پڑا ہے۔ ہلاک ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی تعداد اب 42 ہوگئی ہے۔ آج سہ پہر دو مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس ترجمان ایرک کیرائیتی نے بتایا کہ ہم زبردست سکیورٹی آپریشنز کرنیوالے ہیں۔ اس حملے میں زخمی ہونیوالے 9 دوسرے پولیس اہلکار ہسپتال میں صحت یاب ہو رہے ہیں۔
مویشی چوروں کی تلاش کرنیوالے پولیس اہلکاروں پر مسلح افراد نے دور افتادہ شمالی علاقے بارہگوئی میں گھات لگا کر حملہ کر دیا تھا۔ مویشی چوروں کا سراغ لگانیوالے پولیس اہلکاروں پر حملہ آور ہونیوالے گروپ پر پہلے ہی 30 اکتوبر کے ایک اور حملے میں 13 افراد کو ہلاک کرنے کا الزام ہے۔ یہ پولیس اہلکار مویشیوں کی واپسی کی حتمی تاریخ گزرنے کے بعد ان کے تعاقب میں چل پڑے تھے۔ شمالی کینیا میں مویشیوں کی چوری اور اس کے نتیجے میں متحارب گلہ بان گروپوں کے درمیان ہونیوالی جھڑپوں میں ہر سال درجنوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ تاہم مویشی چوروں کی طرف سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کا یہ غیر معمولی واقعہ ہے۔