کراچی(جیوڈیسک)یکم محرم کو کراچی، کوئٹہ سمیت ملک کے متعدد شہروں میں موبائل سروس معطل کر دی گئی جس سے شہریوں کو رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیر داخلہ رحمان ملک کو عید الفطر اور عید الاضحی کے بعد محرم الحرام کے پہلے دن بھی دہشت گردی کے خدشات نے آن گھیرا اور انہوں نے ملک کے حساس شہروں کراچی اور کوئٹہ میں موبائل فون سروس معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ سروس کو صبح 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا مگر 9 بجے سے ہی سروس معطل کر دی گئی جس سے شہریوں کو رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے اور پریشان عوام کو ایک اور آزمائش سے گزرنا پڑے گا۔
فون سروس کی یہ معطلی شام 7 بجے تک رہے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت امن و امان کی صورت حال کے نام پر عوام سے رابطے کی سہولت بھی چھین رہی ہے اور ان کے مسائل کے اضافہ کا سبب بن رہی ہے۔