محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے فوج اور رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو حساس اضلاع میں نویں اور دسویں محرم کو فلیگ مارچ کریں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اداروں کی اطلاع پر نویں اور دسویں محرم کو پنجاب کے حساس اضلاع میں فوج اور رینجرز طلب کی جائے گی جبکہ سراغ رساں کتے بھی منگوائے جائیں گے جو دہشت گردی روکنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اضلاع میں فوج اور رینجرز پولیس کے ساتھ مل کر فلیگ مارچ کریں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نویں اور دسویں محرم کو پنجاب میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔