سندھ(جیوڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ گواہوں کے تحفظ کیلئے محکمہ داخلہ کو ایک کروڑ روپے دیئے گئے ہیں، محرم کے بعد اسلحہ لائسنسز کی مکمل اسکروٹنی کی جائے گی۔ نو اور دس محرم کو فوج اسٹینڈ بائی رہے گی۔سندھ کابینہ اجلاس کے بعد کراچی میں نیوز کانفرنس میں شرجیل میمن نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد نے کابینہ کو کراچی اور صوبے میں امن و امان پر بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے مقابلے کراچی میں قتل اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر جرائم کی شرح کم ہے۔
یومیہ تیس لوگ غیرقانونی ہتھیاروں سمیت پکڑے جارہے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پہلی بار گواہوں اور ان کے خاندان کے تحفظ کیلئے محکمہ داخلہ کو ایک کروڑ روپے دیئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلحہ لائسنسز کی اسکروٹنی محرم کے بعد ہوگی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی حیدرآباد اور خیرپور کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے سینٹرل پولیس آفس میں بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
نو اور دس محرم کو فوج بھی اسٹینڈ بائی رہے گی۔ وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس و رینجرز نے تین وکلا کے قتل سمیت مختلف ہائی پروفائل مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ہونے والے میں کالعدم تحریک طالبان سمیت مختلف کالعدم تنظیموں کے کارندے شامل ہیں۔