پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظو ر وٹو نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے سپیکرقومی اسمبلی سے رابطے کا فیصلہ کیاہے تاکہ نئیصوبوں کے معاملے پر قائم کمیشن کی رپورٹ کو جلدمکمل کرکے آئینی ترمیم کے لئے ایوان میں پیش کیاجاسکے۔وفاقی وزیر منظور احمد وٹو نے بتایاکہ وفاقی حکومت جلد سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا سے رابطہ کرے گی اورانکو درخواست کی جائے گی کہ نئے صوبوں کے معاملے پر جو کمیشن قائم کیا گیا تھا۔
اس کی رپورٹ مکمل کی جائے تاکہ حکومت اس کی روشنی میں آئینی ترمیم قومی اسمبلی میں پیش کرسکے ۔منظور وٹو نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں تو نئے صوبوں پر قرارداد کی حمایت کی مگر اس کا اصل امتحان قومی اسمبلی میں ہوگا کہ وہ نئے صوبوں کے لئے ترمیم کی مخالفت کرتی ہے یا حمایت ۔ منظور وٹو نے کہاکہ ن لیگ کی قیادت کے بیانات سے تو یہی لگتا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب کے عوام سے مخلص نہیں اورصوبے کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے ۔