اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کل ہوگی۔ وزیر اعلی نواب اسلم رئیسانی کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ بلوچستان حکومت نے سپریم کورٹ میں اپنا بھرپور دفاع کرنے کافیصلہ کرلیا ہے، پچاس سے زائد ارکان صوبائی اسمبلی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرصادق عمرانی اورچند دیگر عہدے دار اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ اسلم رئیسانی صدرآصف زرداری اور وزیراعظم پرویز اشرف سمیت پارٹی کے دیگراہم راہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے،، سیاسی پنڈتوں کاکہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت سے پہلے صوبائی کابینہ کااجلاس طلب کرنایہ باور کرانابھی ہوسکتاہیکہ وزیراعلی کو صوبائی کابینہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
سپریم کورٹ کیعبوری حکم کے بعد سے یہ تیسرا اجلاس ہے جو صوبائی دارالخلافہ کے علاوہ کہیں اور طلب کیاگیا ہے۔ اس سے قبل اسلم رئیسانی بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں چونسٹھ ارکان میں سے پینتالیس کی حمایت لے کر اعتماد کا ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔