لاہور(جیوڈیسک)مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ موبائل یا موٹر سائیکل پر پابندی لگانے کی بجائے ملزموں کو پکڑنا چاہیے۔ اسرائیل کے بد ترین مظالم کیخلاف پاکستان آواز اٹھائے ۔اس معاملے میں امریکی کردار مناسب نہیں۔
لاہور میں عطا الحق قاسمی کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے قاضی حسین احمد پر حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انتخابی عمل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرحکومتی پارٹیوں میں عسکری ونگ ہوں گے تو پھر مسائل کا حل کیسے نکلے گا۔ نواز شریف نے گرفتار ملزموں کے انکشافات منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا ہر روز بیان تو آ جاتے لیکن بندہ کوئی نہیں پکڑا جاتا۔ نواز شریف نے آئندہ انتخابات کو پاکستانی عوام کا امتحان قرار دیا۔