بلوچستان (جیوڈیسک) بلوچستان میں حکومت نے پاک فوج کے چالیس ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کر لیں ۔ ہڑتالی ڈاکٹروں کی نجی کلینک سیل کر دیے گئے۔ سرکاری ہسپتالوں کے اوپی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند ہونے سے ہزاروں مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ساتھی ڈاکٹر کی بازیابی پر مہم چلانے والے ڈاکٹروں اور حکومت کے مابین معاملات سنگین صورت حال اختیار کرتے جا رہے ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی اپیل پر صوبے میں ڈاکٹروں کے اغوا کے خلاف تمام سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈیز اور جنرل آپریشن تھیٹر بند کر دیے گئے ہیں ۔ صوبائی حکومت نے ڈھائی سو ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کر کے متعلقہ حکام کو بھجوا دیے۔
گزشتہ روز ڈاکٹروں کی ریلی پر پولیس کے تشدد کے بعد ینگ ڈاکٹر ،پی ایم اے اور دیگر ڈاکٹر تنظیموں نے ایمرجنسی کا بھی بائیکاٹ کردیا ۔ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز آپریشن تھیٹر بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔