اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈی ایٹ سربراہی کانفرنس آج اسلام آباد میں ہو گی۔ نائیجیریا، انڈونیشیا ,مصر اور ایران کے صدور اورترکی کے وزیراعظم طیب اردگان پاکستا ن پہنچ گئے۔ اسلام آباد میں ہونے والی ڈی ایٹ کانفرنس کے سلسلے میں سربراہان مملکت کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ کانفرنس کے آٹھویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے نائیجیریا کے صدرگڈلک جوناتھن، انڈونیشیا کے صدر صوصیلو بمبانگ، ایران کے صدر محمود احمدی نژاد اور ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
سربراہ اجلاس سے پہلے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی کے لئے امن ضروری ہے، رکن ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ کانفرنس میں ملائشیا کی نمائندگی نائب وزیر اعظم محی الدین یاسین اور بنگلا دیش کی وزیر اعظم کے مشیر سید گوہر علی رضوی کریں گے۔ کانفرنس کے دوران نئے سیکریٹری جنرل کا تقرر بھی کیا جائے گا۔