لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد نوازشریف نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں باہمی اتحاد اور اتفاق پر زور دیا ہے۔ لاہور سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یوم عاشور پر سانحہ کربلا کے فکر و فلسفہ کو سمجھنے اور حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا کے کردارکو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے۔
میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ آج کادن مشکل ترین حالات میں بھی حق و صداقت کا پرچم بلند رکھنے کادرس دیتا ہے۔ سانحہ کربلا توحید، انسانی مساوات اور حکمرانی کے لئے عوام کی تائید وحمایت کے اصول کی پاسداری کرنے، اس راہ میں جرات و ہمت اور عزم و استقلال کا لازوال استعارہ ہے۔ نواسہ رسول صلی اللہ وعلیہ والہ وسلم اور ان کے جانثار رفقا کی شہادت اسلامی اتحاد و اتفاق کا سبق دیتی ہے۔