سندھ ہائیکورٹ (جیوڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس میں ملوث فیکٹری مالکان کو تین دسمبر کو طلب کرلیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس مقبول باقر اور جسٹس غلام سرور کورائی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے خلاف دائر سماجی تنظموں کی درخواستوں کی سماعت کی تو درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزموں نے ماتحت عدالت سے اپنے اکانٹس کا بیس فیصد بحال کرا لیا ہے لیکن یہ طے نہیں ہوا کہ ملزموں کے کل اثاثے کتنے ہیں۔ عدالت نے فیکٹری مالکان کو پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔