اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد پنجاب میں دھاندلی کے خدشے کے پیش نظر کل ہونے والے ضمنی انتخابات میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پنجاب میں کل ہونے والے ضمنی انتخابات کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات کی جائے گی۔ رینجرز کی نفری انتخابی نتائج کے اعلان تک تعینات رہیگی ۔پریزائیڈنگ آفیسر سے ریٹرننگ آفیسر تک پولنگ نتائج رینجرز کی نگرانی میں پہنچایا جائیگا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے دوران دھاندلی کے خدشے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ چار دسمبر کو پنجاب اور سندھ کے قومی و صوبائی اسمبلی کے نو حلقوں میں انتخابات ہو رہے ہیں جن میں گجرات کے حلقہ این اے ایک سو سات، جہلم کے حلقہ پی پی پچیس، ساہیوال کے حلقہ این اے ایک سو باسٹھ ،گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی بانوے، سیالکوٹ کے حلقہ پی پی ایک سو بائیس اور حلقہ پی پی ایک سو انتیس، نارووال کے حلقہ ایک سو تینتیس ، ساہیوال کے حلقہ پی پی دو سو چھبیس اور سندھ کے حلقہ پی ایس اکیس شامل ہیں۔