سعودی عرب(جیوڈیسک) سعودی شاہ عبداللہ کی اپنے استاد سے انوکھی فرمائش کو دیکھ کر تیس لاکھ سے زائد لوگ محظوظ ہو چکے ہیں۔
انٹرنیٹ پر جاری فوٹیج میں شاہ عبداللہ اپنے استاد عیسی الدباغ سے گپ شپ لگاتے دکھائی دیتے ہیں۔ دوران گفتگو شاہ عبداللہ نے اپنے استاد سے درخواست کی کہ وہ ان کی پٹائی کے بارے میں کسی کو مت بتائیں۔ جواب میں سو سالہ ضعیف استاد نے مسکرا کر جواب دیا۔ پیاروں کے ہاتھ سے پڑنے والی مار کا مزہ کشمش جیسا ہوتا ہے۔ استاد اور شاگرد کے درمیان ہونے والی گفتگو سن کر حاضرین محفل کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر گئی۔
شاہ عبداللہ کے استاد عیسی بن عبداللہ الدباغ سن 1915 کو مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔ انہیں اہم حکومتی مناصب تک پہنچنے والے شاہی خاندان کے متعدد افراد کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ عمر کی ایک سو بہاریں دیکھنے کے باوجود شاہ عبداللہ کے استاد محترم اب بھی متحرک دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے ساری زندگی دمام، ریاض اور مکہ المکرمہ کے درمیان درس و تدریس میں گزاری۔ شاہی خاندان کے استاد ہونے کے باوجود وہ اپنی متواضع طبیعت کی وجہ سے ہر دلعزیز شخصیت ہیں۔