پشاور ایئرپورٹ پر راکٹ اور زمینی حملے: پانچ حملہ آور ہلاک

pakistan

pakistan

پشاور … پشاور ایئر پورٹ کے احاطے میں ایئر فورس بیس پر دہشت گردوں نے راکٹوں سے حملہ کردیا،

جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، حملہ آوروں نے باردو سے بھری گاڑی ایئرپورٹ کی دیوار سے بھی ٹکرائی، 2 راکٹ آبادی پر گرنے سے 4 شہری جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ،

ایئرپورٹ اور ایئر فورس بیس پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد پشاور ایئرپورٹ کے اندر داخل نہیں ہوسکے، ایئرپورٹ کے ساتھ سول ایوی ایشن، ایئر فورس اور پاک فوج ایوی ایشن کے اثاثے بھی ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے پشاور ایئرپورٹ پر ہفتے کی شب 8 بجکر 25 منٹ پر آب درہ روڈکی طرف سے حملہ کیا ، ایئرپورٹ کی دیوار کو 3جگہ سے نقب لگانے کی کوشش کی، دیوار کو 2 جگہ سے نقصان پہنچایا اور ایئرپورٹ کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ایئرپورٹ کی دیوار پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ پشاور پولیس نے ایئرپورٹ کے بیرونی حصے سے دہشتگردوں کو محاصرہ میں لیکر ان کا مقابلہ کیا،

ایئر پورٹ کے اندر داخلے میں ناکامی پر دہشت گرد تاریکی کا فائدہ اٹھاکر آبدرہ کے علاقے میں روپوش ہوگئے۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دہشت گردوں سے 8 کلو بارودی مواد اور 11 دستی بم برآمدہوئے۔ راکٹ حملے کے ساتھ دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی بھی ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکرائی، جبکہ 2 راکٹ آبادی پر گرنے سے 4 شہری جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے، جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ایئرپورٹ کے اطراف کا علاقہ کلیئر قرار دیدیا جبکہ ایئرپورٹ اور ایئر فورس بیس میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے پشاور میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔