لندن (جیوڈیسک)ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ دھماکوں اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث سفاک دہشت گرد باطل پرست قوتوں کے آلہ کار ہیں۔
لندن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جمرود بازار میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی کاررائیوں میں ملوث سفاک دہشت گرد باطل پرست قوتوں کے آلہ کار ہیں اور دہشت گردی کی مذموم کارروائیوں کے ذریعے بے گناہ افراد کا خون بہا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد چاہے جتنے بم دھماکے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرلیں لیکن ان کے ناپاک عزائم مسلح افواج ،سیکورٹی فورسز ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام میں دہشت گردی کے خلاف پائے جانے والے بلند حوصلوں کو ہرگز پست نہیں کرسکتے۔
الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک سے مطالبہ کیا کہ جمرود بازار بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔ اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے اور بم دھماکوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مزید ٹھوس اور مثبت نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔