کراچی (جیوڈیسک) پشاور اور کراچی میں گزشتہ روز قتل ہونے والے پولیو ورکرز کے ملزمان گرفتار نہ ہوسکے تاہم پولیس نے شک کی بنیاد پر 45 افراد کو حراست میں لے لیا ۔پنجاب میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔
لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز کے قتل کا مقدمہ مقتولہ فہمیدہ کے شوہر کی مدعیت میں قائد آباد تھانے میں درج کیا گیا۔ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والی کنیز کا مقدمہ زخمی راشد کی مدعیت میں تھانہ موچھکو میں درج کیا گیا۔ دونوں مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی گئیں۔ اورنگی ٹاؤن میں نسیمہ خاتون اور اس کے ساتھی اسرار احمد کے قتل کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔
پولیس نے گلشن بونیر اور اورنگی ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران 45 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا۔ دوسری جانب پشاور میں قتل ہونے والی پولیو ورکر کے قتل کا مقدمہ تھانہ متھرا میں درج کر لیا گیا مگر ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ قتل کے واقعات کے بعد کراچی اور بلوچستان کے تین اضلاع میں انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی۔