نئی دہلی : (جیوڈیسک) بھارت میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے خلاف ملک بھر میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، نئی دلی میں سیکڑوں خواتین نے ایوان صدر کے سامنے مظاہرہ کیا۔
زیادتی کے واقعے کے خلاف بھارت کے تمام بڑے شہروں میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ملزموں کو موت کی سزا سنائی جائے اور زیادتی کے خلاف مزید سخت قوانین تشکیل دیے جائیں۔
دارالحکومت نئی دلی میں سیکڑوں خواتین نے ایوان صدر کے سامنے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر طالبات نے رکاوٹیں توڑ کر حساس علاقے میں جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔ دوسری جانب بس میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے چھ ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔