کرسمس محبت اور بھائی چارے کا تہوار ہے، راجہ پرویز اشرف

Raja Pervez Ashraf

Raja Pervez Ashraf

اسلام آباد (جیوڈیسک):وزیراعظم پاکستان راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانی ہے۔

اسلام آباد میں فاطمہ چرچ میں ہونے والی کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کرسمس کا تہوار برابری ، امن ، محبت اور بھائی چارہ کا تہوار ہے اور ہم سب کو مل کر اپنے ملک اور معاشرہ میں امن کی فضا قائم کرنی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیربھٹو اور پیپلزپارٹی کا ہمیشہ سے منشوررہا ہے کہ تمام انسانوں کوایک آنکھ سے دیکھنا ہے، یہ لوگ ہمارے لیے اقلیتی برادری نہیں بلکہ یہ ہم میں سے ہی ہیں اور پاکستانی ہیں اسی لیے ہم نے انھیں برابری کا حق دیتے ہوئے ووٹ کا حق دیا۔

راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں اقلیتیوں کی سیٹوں کو دس سے بڑھا کرچودہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پاول بھٹی نے کہا کہ بی بی شہید اور شہباز بھٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے لیے آواز اٹھائی اور ہم ملالہ کو بھی ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے آواز اٹھانے پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب کے آخرمیں راجہ پرویز اشرف نے کرسمس کیک بھی کاٹا۔