تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن شفاف نہ ہوئے تو سڑکوں پر خون ہو گا، ان کا کہنا تھا ملک میں ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں عام آدمی خوشحال ہو۔
حیدرآباد میں عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے تحریک منہاج القران کے سربراہ طاہر القادری کے اس موقف سے اتفاق کیا کہ نگران سیٹ اپ میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاور ت کی جائے۔ عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے لئے گاؤں کی سطح پر اختیارات ہونے چاہئیں۔
اس موقع پر ایاز پلیجو نے کہا کہ ملک میں تبدیلی ہونی چاہئے، لیکن صرف چہرے بدلنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ عمران خان نے جامشورو میں بھی عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجود ہ حالات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ اس سے پہلے عمران خان نے حیدرآباد میں طلبہ کے کنونشن سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جن مگر مچھوں نے ملک کو لوٹا ہے ان کے خاتمے کا وقت قریب آگیا ہے۔