کرپشن کی وجہ سے نہ صرف قومی خزانے خالی ہے اور ملک میں ترقیاتی کام عوامی ضروریات کی شرح سے بہت پیچھے ہیں ، چوہدری خورشید زمان
Posted on December 24, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
تحریک تحفظ پاکستان کے سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان نے کہا ہے کہ عوام کی مفلوک الحالی ، غربت ، مسائل اور مصائب کی بنیادی وجہ کرپشن ہے اور کرپشن نے طبقاتی تضاد کے بطن سے جنم لیا ہے جسے مفاد پرست موروثی و روایتی سیاستدانوں نے خوب خوب پرورش دیکر اس قدر تندرست و توانا کردیا ہے کہ پاکستان کا ہر ادارہ کرپشن کے خونیں چنگل میں جکڑا ہوا ہے اور قوم کا ہر فرد اس کا باجگزار بنا ہوا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے نہ صرف قومی خزانے خالی ہے اور ملک میں ترقیاتی کام عوامی ضروریات کی شرح سے بہت پیچھے ہیں بلکہ عوام ناانصافی ، مہنگائی ، غربت ، بیروزگاری اور بیماری کی صورت اچھے علاج سے بھی محروم ہیں اور انہیں سیاسی و سماجی تحفظ کے ساتھ جان و مال کا بھی تحفظ حاصل نہیں ہے۔
اس لئے جب تک ملک سے کرپشن کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہوگا نہ تو قتل وغارت گردی رک پائے گی ، نہ دہشت گردی سے نجات حاصل ہوسکے گی ، امن وامان اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی اور نہ ہی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی اسلئے سب سے پہلے ملک سے کرپشن کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔