اسلام آباد(جیوڈیسک) ویمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر فریدہ راشد نے کہا ہے کہ سی این جی کے بحران کے اثرات الیکشن کے نتائج پر بھی پڑیں گے، عوام کے مصائب سے لا تعلق سیاستدان اور بابو کریسی حکومت کو غیر مقبول کرنے میں مصروف ہیں، کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی این جی کے فیصلے کرنے والوں میں سے کسی کا تعلق مڈل کلاس سے نہیں، وہ نہ لائنوں میں لگتے ہیں ، نہ سی این جی استعمال کرتے ہیں بلکہ سرکاری پٹرول پھونکتے ہیں جبکہ ان میں سے کئی دیگر با اثرشعبوں سے ملے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے عوام خوار اور اپوزیشن خاموش ہے جو انتہائی افسوسناک ہے، فریدہ راشد نے کہا کہ سارا کیا دھرا ایک وزارت کا ہے جسے ریگولیٹر بننے اوردیگر اداروں کے اختیارات استعمال کرکے مسائل پیدا کرنے کا شوق ہے انھیں عوام کے مسائل کا اندازہ ہے نہ سروکار، فریدہ راشد نے متنبہ کہا کہ گاڑیوں پر سستا ایندھن استعمال کرنے کی پابندی عائد کرنا آئین وقانون کی خلاف ورزی ہو گی سیاستدانوں نے عدالت عظمی کی جانب سے عوام کوریلیف دینے کی کوشش کو بحران بنا دیا ہے جسے بعض مقاصد کے لئے بڑھایا جا رہا ہے۔