موسی خیل (جیوڈیسک)تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے دور حکومت میں ڈیولپمنٹ فنڈز ایم این اے کو نہیں بلکہ نچلی سطح کو دیئے جائیں گے۔میانوالی سے پہلا وزیر اعظم ہوں گا۔
ان خیالات کا اظہار عمران خان نے میانوالی کی تحصیل موسی خیل میں اجتماع سے خطاب کے دوران کیا، عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کی غلامی سے نجات حاصل کرکے ایک خوشحال اور نیا پاکستان بنائیں گے ۔نوازشریف اور زرداری بھائی ہیں ۔ یہ دونوں امریکا کے بندے ہیں۔ وہ 2 نہیں بلکہ 3 وکٹیں گرائیں گے۔آصف زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کا سورج غروب ہوچکا۔ ن اور پی پی اکٹھے بھی ہوگئے تو پھر بھی یہ سونامی ان سب کو بہا کر لے جائے گا۔
شریف برادران کو آئی ایس آئی نے پیسے دیے جو ثابت ہوچکا ہے۔ دونوں پارٹیاں مفاد کے لیے اکھٹی ہورہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی حکومت مگرمچھوں سے ٹیکس وصول کرے گی اوران کے دور حکومت میں ڈیولپمنٹ فنڈز ایم این اے کو نہیں بلکہ نچلی سطح کو دیئے جائیں گے۔