پاک افغان ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ، طالبان یا القاعدہ کے خلاف نقل و حرکت سے قبل متعلقہ کمانڈر کو آگاہ کیا جائیگا۔
بارڈر میکنزم کوآرڈنیشن کے تحت پاکستان، افغان اور ایساف فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی جس کے تحت لے زون آفس کی تعداد دو سے بڑھا کر تین کر دی گئی۔ بگرام ایئر بیس پر بھی لے زون آفس بنایا گیا ہے۔ جبکہ طور خم اور کابل میں پہلے ہی یہ دفاتر کام کر رہے ہیں۔
نئے “ایس او پی” کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف پاکستان یا افغانستان میں نقل و حرکت سے قبل ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن قائم کی جائے گی۔
کسی بھی حادثے کی صورت میں دونوں کے درمیان رابطے کئے جائیں گے۔ طالبان یا القاعدہ کے خلاف نقل و حرکت سے قبل متعلقہ کمانڈر کو آگاہ کیا جائیگا تا کہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔