شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم بننے کی طلب ہے نہ حاجت ۔اللہ نے مجھے صدر اور وزیر اعظم سے زیادہ عزت دے رکھی ہے۔ واضح کر دوں کہ نگران سیٹ اپ میں وزیر اعظم بننے کا امید وار ہر گز نہیں مگر کسی کو ایجنڈا سبوتاژ نہیں کرنے دوں گا۔ حقیقی جمہوریت کا راج اور 18کروڑ عوام کے چہروں پر اطمینان کی مسکراہٹ دیکھنا چاہتا ہوں۔ میری خوشی اللہ کو راضی کرنا ہے میرا منصب وزیر اعظم سے کروڑ گنا بلند ہے ، جس کو عوام چاہیں گے وہی کیئر ٹیکر بنے گا۔۔14 جنوری کو 40لاکھ افراد پارلیمنٹ کے سامنے پہنچیں گے۔
ہم جھرلو پارلیمنٹ نہیں عوام کی پارلیمنٹ چاہتے ہیں وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے عالمی ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جو ویڈیو لنک کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک 1200مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں براہ راست سنا گیا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہسیاست میں کرپشن کا راج ہر گز نہ چلنے دیں گے ۔پارلیمنٹ میں دولت اور طاقت کے ذریعے پہنچنے کا دروازہ بند کر کے رہیں گے۔کرپشن کے کھیل کے ختم کرنے کا اعلان 14 جنوری کو ہو گا۔
ملکی وسائل پر چند شہزادوں کو عیاشی نہیں کرنے دینگے۔ شہنشاہ ایران کی طرح عظیم الشان محلات میں رہنے والوں کو یہ جگہیں چھوڑنا ہوں گی ۔جس ملک میں خودسوزیاں، خودکشیاں ہوں اور غریب کو لقمہ نہ ملے وہاں عظیم الشان ایوان صدر ، وزیر اعظم ہاؤس ، گورنر اور وزراء اعلیٰ ہاؤس میں رہنا حرام ہو جاتا ہے۔ کرپٹ استحصالی طبقہ نوشتہ دیوار پڑھ لے اب 14 جنوری کو منزل پا کر پلٹیں گے۔