اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکیم اللہ محسود تشدد کا راستہ ترک کریں، مذاکرات کیلئے تیار ہیں، کسی لانگ مارچ کو نہیں روکیں گے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں جو گرفتاری کرنا تھی کرلی ہے۔ بار بار نہ کہا جائے کہ قاتل نہیں پکڑے گئے۔ حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔ دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔
ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک طالبان نے مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ ہم نے انہیں کہا ہے کہ تشدد کا راستہ چھوڑ دیں۔ تشدد چھوڑنے سے متعلق کوئی بھی جواب آیا تو تمام سیٹک ہولڈرز سے مشاورت ہوگی تاہم ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔ دہشتگرد کسی بھی طور پر پاکستان میں گھسنا چاہتے ہیں۔
اگر تشدد جاری رہا تو کاروائی جاری رکھیں گے۔ حکومت اور فوج نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔ پولیس کے پاس وسائل کی کمی ہے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی کال دینے والوں سے مذاکرات کریں گے۔ کسی کو لانگ مارچ سے نہیں روکیں گے بلکہ شرکا کو سہولیات فراہم کریں گے۔