اوگرا نے سی این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

OGRA

OGRA

اوگرا نے سی این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا، ریجن ون میں سی این جی کی نئی قیمت 74 روپے 40 پیسے فی کلو جبکہ ریجن ٹو میں 68 روپے فی کلو گرام مقرر، سی این جی ایسوسی ایشن نے حکومت کا نیا فارمولہ بھی مسترد کر دیا۔

وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کے زیر صدارت سی این جی قیمتوں کے تعین سے متعلق اقتصادی رابطہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشیر پٹرولیم، چیئرمین اوگرا، سی این جی ایسوسی ایشن، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور سی این جی اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والے اجلاس کے بعد چیئرمین اوگرا سعید احمد خان نے میڈیا کو بتایا کہ سی این جی کی نئی قیمتوں پر اتفاق ہو گیا ہے جس کے مطابق پوٹھوہار، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سی این جی کی نئی قیمت 74 روپے 40 پیسے جبکہ سندھ اور پنجاب میں 68 روپے فی کلوگرام ہوگی۔

چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا کہ سی این جی مالکان کو7 روپے 22 پیسے ویلیو ایڈیشن، 5 روپے 20 پیسے آپریٹنگ کاسٹ اور4 روپے 32 پیسے فی کلوگرام خالص منافع دیا گیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے عائد کردہ ٹیکس برقرار رکھے گئے ہیں۔ دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن نے حکومت کے نئے فارمولے کو ایک دفعہ پھر مسترد کر دیا۔

ایسوسی ایشن کے عہدیدار غیاث عبداللہ پراچہ کا کہنا تھا کہ نئی قیمتیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق طے نہیں کی گئیں۔ ایسوسی ایشن کے اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ سی این جی ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات پر دوبارہ نظر ثانی کے لئے تیار ہیں مگر جو مارجن وہ مانگ رہے ہیں نہ تو وہ قانون کے مطابق ہیں اور نہ دیے جائیں گے۔